وزیراعلیٰ مریم نواز کے ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام کے ذریعے 1150 دیہی خواتین ٹیکسٹائل ٹریننگ کر کے برسر روزگار ہو جائیں گی، مریم نواز نے جون تک 2500 دیہی خواتین کی ٹیکسٹائل ٹریننگ کا ہدف مقرر کر دیا۔
پروگرام کے تحت گاؤں کی خواتین کو ٹیکسٹائل ٹریننگ کے ساتھ ماہانہ 15ہزار روپے وظیفہ بھی ملے گا جبکہ ’’شی تھریڈ‘‘ ٹریننگ کی تکمیل کے بعد ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار بھی فراہم کیا جائے گا۔
محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام ’’شی تھریڈ‘ پروگرام کے تحت لاہور میں دیہی علاقوں کی خواتین کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی، پروگرام میں دیہی خواتین کو انڈسٹریل سلائی مشین آپریٹر اپیرل سپر وائزر ٹریننگ دی جائے گی۔
لاہور کے قریب ملتان روڈ پر واقع شاہکام انڈسٹری میں ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام کی ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا ہے، 3 ماہ کی ٹریننگ کورس میں کلاس روم اور تدریس کے ساتھ ساتھ پریکٹیکل ٹریننگ بھی کرائی جائے گی۔
اس حوالے سے 18 سے 45 سالہ خواتین کے پاس پنجاب کا رہائشی/ڈومیسائل ہونا ضروری ہے جبکہ ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے میٹرک کی اہلیت مقرر کی گئی ہے، رجسٹریشن کیلئے قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل لے کر شاہکام انڈسٹریز میں درخواست دی جا سکتی ہے۔
ابتدائی جانچ پڑتال اور اہلیت کی تصدیق کے بعد امیدوار خواتین کو داخلے سے قبل حلف نامہ جمع کروانا ہوگا، اسسٹنٹ کمشنرز، یونین کونسل سیکرٹریز اور متعلقہ ضلعی دفاتر کے ذریعے ’’شی تھریڈ‘‘ رجسٹریشن کے بارے میں معلومات لی جا سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق دیہی خواتین کو مارکیٹ بیسڈ ٹریننگ دے کر با وقار روزگار کا اہل بنانا ہے، ’’شی تھریڈ‘‘ پروگرام کے تحت خواتین کو مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق ہنر سیکھا کر ٹیکسٹائل انڈسٹری میں روزگار بھی دیا جائے گا۔

