غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی۔ حملے میں 20 سالہ فلسطینی فٹبالر محمود عبدالمالک شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق محمود غزہ اسپورٹس کلب سے وابستہ تھے۔ وہ کلب کی پہلی ٹیم کے کپتان اور گول کیپر بھی تھے۔
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن نے ان کی شہادت کی تصدیق کی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اسرائیلی حملہ غزہ شہر کے علاقے صبرہ میں کیا گیا۔
محمود عبدالمالک نے شہادت سے پانچ روز قبل ایک یادگاری ٹورنامنٹ میں حصہ لیا تھا۔ یہ مقابلہ ایک ہزار سے زائد شہید فلسطینی کھلاڑیوں کی یاد میں منعقد ہوا تھا۔
ٹورنامنٹ کا نام ’’ہزار شہداء کپ‘‘ رکھا گیا تھا۔ اس میں غزہ، مغربی کنارے اور لبنان کے فلسطینی پناہ گزین کیمپوں کی ٹیموں نے شرکت کی۔
محمود نے غزہ اور شمالی غزہ کے مقابلوں کے فائنل میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی۔ غزہ اسپورٹس کلب نے اس ٹورنامنٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔
فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق محمود عبدالمالک کی شہادت کے بعد کھیلوں سے وابستہ شہید افراد کی تعداد 1,017 ہوگئی ہے۔
اس تعداد میں کھلاڑیوں اور کھیلوں کے دیگر عہدیداروں کو شامل کیا گیا ہے۔ غزہ میں جاری جنگ کے باعث کھیلوں کے متعدد میدان اور کلب بھی تباہ ہوچکے ہیں۔

