خاور نیازی
رواں ماہ کے اوائل میں وزیراعظم پاکستان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس میں وزارت خزانہ کی سفارش پر جہاں ایک طرف نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری دی گئی وہیں دوسری طرف 10روپے کے نوٹ کی جگہ 10روپے کا دھاتی سکہ متعارف کرانے کی منظوری بھی دی گئی۔ جبکہ اس اجلاس کے دوران یا بعد میں اس امر کی وضاحت تاحال نہیں کی گئی کہ ان سکوں کا اجراء کب ہو گا اور 10روپے کے نوٹ کب تک زیر گردش رہیں گے ۔
اسی اجلاس میں یہ وضاحت بھی کی گئی کہ جعلی نوٹوں کی روک تھام کیلئے مجوزہ نوٹوں میں سیکورٹی فیچرز کو مزید بہتر بنایا جائیگا ۔جس کیلئے نئے نوٹوں کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کا جدید میٹیریل استعمال کیا جائیگا ۔ اگر بات نوٹوں کی چھپائی اور سکوں کی ڈھلائی کے اخراجات کی کی جائے تو بقول سٹیٹ بنک آف پاکستان ،” کاغذی نوٹ اور سکوں کی لاگت میں بنیادی فرق یہ ہے کہ نوٹ شروع میں سستےبنتے ہیں لیکن جلد خراب ہو جاتے ہیں جبکہ سکے شروع میں مہنگے بنتے ہیں لیکن یہ لمبے عرصے تک چلتے ہیں۔
حکومت وقت نے سکوں کے حق میں جو دلائل دئیے ہیں تکنیکی اعتبار کی حد تک تو ان کی حقیقت سے انکار نہیں کیا جاسکتا لیکن تلخ حقیقت یہ ہے کہ ان کے استعمال بارے زمینی حقائق ان سے یکسر مختلف ہیں ۔اگرچہ سکوں کا لین دین آج سے نہیں بلکہ تاریخ کی کتابوں میں وادی ء سندھ میں سکوں کے لین دین کے شواہد 5000قبل مسیح کے دوران بھی ملتے ہیں ۔ جبکہ وقت کے ساتھ ساتھ ان کی شکلیں بدلتی رہی ہیں ۔
مقام حیرت ہے کہ وطن عزیز پاکستان شاید دنیا کا،واحد ملک ہے جہاں کاروباری مراکز کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نیم سرکاری مقامات پر بھی سکوں کے لین دین کی نہ صرف حوصلہ شکنی کی جارہی ہے بلکہ رفتہ رفتہ اب اسے بطور کرنسی قبول کرنے میں بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے ۔ یہ کوئی سنی سنائی بات نہیں بلکہ ذاتی طور پر متعدد بار یہ سب کچھ میرے مشاہدے میں بھی آ چکا ہے ۔
مجھے یاد ہے آج سے کئی سال پہلے بھکاریوں نے باقاعدہ طور پر سکے لینا بند کر دئیے تھے، جبکہ بیشتر دکاندار پھر بھی سکے قبول کر لیا کرتے تھے ۔ لیکن اب پچھلے ایک دو سال سے دکانداروں کی اکثریت بھی سکے قبول کرنے سے انکاری ہوتی جارہی ہے ۔لیکن اس سے بھی زیادہ تکلیف دہ صورت حال سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کی ہے ۔
کچھ عرصہ پہلے مجھے لاہور رنگ روڈ پرٹال ٹیکس کی مد میں جب پچاس روپے کے نوٹ کے ساتھ دس روپے کے سکے دینا پڑے تورنگ روڈ ٹال پلازہ کےاہلکار نے سکے لینے سے صاف انکار کر دیا ۔ میری وضاحت پر کہ میرے پاس اس کے علاوہ صرف پانچ ہزار روپے کا نوٹ ہے ۔ اس نے سکے واپس کرتے ہوئے یہ کہ کر مجھے جانے کی اجازت دے دی کہ چلو خیر ہے، بعد میں کبھی دے دینا ۔
ان تلخ زمینی حقائق کے پس پردہ اصل المیہ یہ ہے کہ سکوں کی بے توقیری کے باوجود سکوں کی ڈھلائی اور بنانے پر اٹھنے والے اخراجات کی مد میں ہر سال قومی خزانے کو اربوں روپے ادا کرنے پڑتے ہیں ۔ پاکستان میں سکوں کی ڈھلائی کا کام لاہور میں واقع سرکاری ادارے ” پاکستان منٹ” کے ذمہ ہے ۔ ایک اندازے کے مطابق اس ضمن میں پاکستان منٹ کے مجموعی سالانہ اخراجات 88 کروڑ سے ایک ارب روپے سالانہ تک ہیں ۔ جبکہ دوسری جانب چونکہ سکے ایلومینیم ، تانبے، زنک اور اسٹین لیس اسٹیل سے بنتے ہیں اس لئے عالمی منڈی میں دھات اور ڈالر کےنرخوں کے اتار چڑھاؤ سے سکوں کی تیاری کے نرخوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ۔
یہاں سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ چھوٹے سکے بنانے کے اخراجات ان کی اصل مالیت سے کہیں زیادہ ہوتے ہیں ۔ اب چونکہ دھات کے نرخ بین الاقوامی اتار چڑھاؤ کے محتاج ہونے کے باعث مہنگے پڑتے ہیں اس لیے حکومت کو دھات کے کسی متبادل کا انتخاب کرنا ہو گا ،جس کے لئے پلاسٹک کرنسی نوٹوں ( پولیمر ) جو دھات کے مقابلے میں کم قیمت ہیں، کا بھی جائزہ لینا ہو گا ۔

