لاہور میں کاہنہ کے علاقہ میں ایک فارم ہاؤس پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیاہے۔
پولیس نے واقعے کے بعد فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی اور ٹک ٹاکر نعمان کو گرفتار کر لیاہے۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ٹک ٹاکر نعمان ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، جہاں شیرنی اچانک قابو سے باہر ہوگئی اور فارم کے ملازم 19 سالہ طلحہ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی طلحہ کو فوری طور پر علاج کے لیے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق واقعے کی حقیقت چھپانے کے لیے شیرنی کے حملے کو کتے کا حملہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم مشکوک صورتحال کی جانچ پڑتال کے دوران شیرنی کے حملے کا انکشاف ہوا۔
حملہ آور شیرنی کو فارم ہاؤس سے تحویل میں لے کر وائلڈ لائف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

