محسن نقوی نے کہاہے کہ نئے صوبوں کے حوالے سے تمام جماعتوں کی رائے ضروری ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے بہترین حل یہ ہےکہ عوام کی رائے لے لی جائے، اگر اس کے علاوہ بھی کوئی بہترین حل ہے تو اس کے لیے بھی عوام کے پاس جانا چاہیے۔
وہ این سی سی آئی اے لاہور میں پریس کانفرنس سے گفتگو کررہے تھے۔
ان کا کہناتھا اگر عوام کہتے ہیں کہ نئے صوبے نہیں بننے چاہئیں تو میں عوام کے ساتھ ہوں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے حوالے سے سب کا اپنا اپنا مؤقف ہے، نئے صوبوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کا اپنا مؤقف ہے، ہمارے لیے پیپلزپارٹی، ن لیگ سمیت تمام جماعتیں اہم ہیں، ن لیگ اور ہم سارے اکٹھے ہیں، جو بھی ہوگا اختلاف سے نہیں ہوگا، اگر سب راضی ہوں گے تو سب کچھ ہوگا۔
بانی پی ٹی آئی اور ان کے اہلخانہ سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا ایک دو دن سے افواہیں چل رہی ہیں کہ پتا نہیں کیا ہونے والا ہے اور کیا ہوسکتا ہے، جو ان کا قانونی حق ہے اور عدالت سے جو انہیں ملےگا وہ ہی ملےگا، باقی ساری چیزیں اسی طرح ہیں،کوئی فرق نہیں ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ بچیوں کو بلیک میل کرنے والوں کے خلاف زیروٹالرنس ہے، آن لائن فراڈ کے زیادہ تر کیسز میں خواتین نشانہ بن رہی ہیں، ملک سے کرپشن کو ختم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

