غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں شدید برفباری سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر برف جمع ہونے اور درخت گرنے سے کئی اہم شاہراہیں بند ہوگئیں۔
یہ صورت حال تین روزہ تعطیلات کے آخری دن پیدا ہوئی۔ اس وقت شہری اپنے اہل خانہ کے ساتھ تعطیلات گزارنے اور سیاحتی مقامات کی سیر کے بعد گھروں کو واپس جا رہے تھے۔
فوکوشیما صوبہ شدید متاثرہ علاقوں میں شامل رہا۔ وہاں بھاری اور گیلی برف کے باعث متعدد درخت گر گئے، جس سے بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔
کِتاشیوبارا گاؤں میں تقریباً 1400 مقامی افراد اور سیاح سڑکیں بند ہونے کے باعث عارضی طور پر محصور ہوگئے۔ مزید یہ کہ برفباری کے باعث ہوٹلوں اور رہائشی مقامات تک رسائی بھی منقطع ہوگئی تھی۔
تاہم، 22 نومبر کو امدادی اور صفائی کے عملے نے سڑکوں سے برف اور گرے ہوئے درخت ہٹا دیے۔ اس کے بعد بیشتر راستے دوبارہ کھول دیے گئے۔

