امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر مذاکرات کسی معاہدے پر نہ پہنچے تو امریکا نئے سال کے بعد ایران کے خلاف فوجی حملے دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کے مطابق ٹرمپ نے بتایا کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات جاری ہیں۔ تاہم، انہوں نے مذاکرات میں پیش رفت نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔
امریکی صدر نے ایرانی مذاکرات کاروں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ورانہ انداز میں باتوں کو طول دیتے ہیں۔ ان کے بقول ایرانی حکام کا کام صرف باتیں کرنا ہے، جبکہ ان کی باتوں میں کوئی ٹھوس بنیاد نہیں ہوتی۔
ٹرمپ کا یہ بیان آبنائے ہرمز میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔ اس اہم بحری گزرگاہ میں تیل بردار جہازوں کی آمدورفت اور سلامتی کے حوالے سے صورت حال مسلسل توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے تیل بردار جہازوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ امریکا نے ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی کر رکھی ہے۔

