ملک کے ممتاز اور سینئر صحافی، انسانی حقوق کے علمبردار اور جمہوری قدروں کے محافظ مرحوم حسین نقی کی یاد میں لاہور پریس کلب اور لیڈر گروپ کے زیرِ اہتمام ایک پروقار تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں ملک بھر سے نامور صحافیوں، دانشوروں، انسانی حقوق کے کارکنان اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اور مرحوم کی پیشہ ورانہ و سماجی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں صدر پریس کلب ارشد انصاری ، جنرل سیکرٹری افضال طالب ، علی سینئر صحافی علی احمد ڈھلوں ، سینئر صحافی امتیاز عالم ، سابق صدر لاہورپریس کلب محسن گوریہ ، سینئر صحافی طاہر ملک ، دانشور رضی حیدر ، سابق صدرسپریم کورٹ بار راجہ ذوالقر نین ، سینئر صحافی حسن جعفرزیدی ، سابق سیکرٹری ذوالفقار علی مہتو، جنرل سیکرٹری پی یو جے قمرالزمان بھٹی اور سینئر صحافی علامہ صدیق اظہر نے خطاب کیا ۔ مقررین نے کہا کہ حسین نقی صحافت کے ایک عہد کا نام تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی اظہارِ رائے کی آزادی، آئین کی بالادستی اور محکوم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے آمریت کے کٹھن ادوار میں بھی قلم کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا اور قید و بند کی صعوبتیں خندہ پیشانی سے برداشت کیں۔مقررین نے مزید کہاکہ حسین نقی نئی نسل کے صحافیوں کے لیے ایک مشعلِ راہ اور اکیڈمی کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کی صحافت کی اور صحافتی تنظیموں کی مضبوطی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔ مقررین کا مزید کہنا تھا کہ ان کی رحلت سے پاکستانی صحافت اور انسانی حقوق کی تحریک میں جو خلا پیدا ہوا ہے، وہ طویل عرصے تک پ ±ر نہیں ہو سکے گا۔تقریب کے شرکاءنے حسین نقی کے ساتھ گزرے ہوئے لمحات اور ان کی پیشہ ورانہ دیانت داری کے واقعات بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بے باک صحافی ہونے کے ساتھ ساتھ انتہائی شفیق انسان بھی تھے، جو جونیئر صحافیوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی اور رہنمائی کرتے تھے۔تعزیتی ریفرنس کے اختتام پر مرحوم حسین نقی کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ آزادیِ صحافت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ان کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔

