وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین کی صورتحال کو اس کی نمایاں مثالیں قراردیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نےاقوام متحدہ کےعالمی دن پراپنےپیغام میں عالمی امن، خودمختاری اورحقِ خودارادیت کےاصولوں سےپاکستان کی غیرمتزلزل وابستگی کا اعادہ کیاہے،وزیراعظم کاکہنا ہےکہ پاکستان آج عالمی برادری کےساتھ اقوام متحدہ کادن منا رہا ہے،یہ دن اقوام متحدہ کےمنشور کی منظوری کے 81 سال مکمل ہونے کی یاد دلاتا ہے،پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختار مساوات،داخلی معاملات میں عدم مداخلت اور تنازعات کے پُرامن حل کے اصولوں پر کاربند ہے۔
وزیراعظم نےاقوام متحدہ کے منشور کی مسلسل اوربلاخوف خلاف ورزیوں پر تشویش کااظہار کرتےہوئے بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کو اس کی نمایاں مثالیں قراردیا۔ شہباز شریف نےعالمی امن کے لیےجانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالےاقوام متحدہ کے امن دستوں کے اہلکاروں اورعملےکو خراجِ عقیدت پیش کیا،بالخصوص ان پاکستانی اہلکاروں کو سلام پیش کیا جنہوں نے عالمی امن کےلیےاپنی جانیں قربان کیں۔
وزیراعظم کےمطابق پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں سب سے زیادہ حصہ لینے والے ممالک میں شامل ہے اورعالمی امن کے قیام و استحکام کے لیے اپنی خدمات پر فخر کرتا ہے,پاکستان اقوام متحدہ کے کلیدی کردار اور امدادی پروگراموں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔


