امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعیدشیخ کی شکاگو کاروباری وپروفیشنل کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئی ہے، جس میں شکاگو کی پاکستانی امریکی کاروباری وپیشہ وارانہ کمیونٹی کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
پاکستانی سفیر کی قیادت میں پاکستانی ٹیکنالوجی وفد نے شکاگو کے انوویشن ہب ’’1871‘‘ کا دورہ کیا، رضوان سعید شیخ کی شکاگو کے انو ویشن ہب’’1871‘‘کی چیف ایگزیکٹوبیٹسی زیگلر سے ملاقات ہوگئی، ملاقات میں شکاگو کے جدید ٹیک ایکوسسٹم کے درمیان مُنافع بخش روابط کے فروغ کے طریقِ کار پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستانی اسٹارٹ اپس کیلئے رہنمائی اورنئی عالمی منڈیوں تک رسائی کےسلسلےمیں تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستانی ٹیک کمپنیز ڈیجیٹل منڈیوں میں مسابقتی عمل میں شمولیت کیلئے تیار ہیں، پاکستان مصنوعی ذہانت کےشعبےمیں ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کررہا ہے۔
پاکستان امریکن شکاگو چیمبرز آف کامرس نے پاکستانی سفیرِکےاعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا، اوپن شکاگو کی جانب سے بھی رضوان سعید شیخ کے اعزاز میں خصوصی استقبالیے کا اہتمام کیا گیا۔ شکاگو میں ٹیک کمپنیز کے پاکستانی-امریکن سی ای اوز کی پاکستانی سفیر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
پاکستانی سفیر رضوان سعیدشیخ نے کہا کہ پاکستانی ٹیکنالوجی شعبہ اُبھرتی ہوئی عالمی ڈیجیٹل معیشت میں اہم کردار ادا کرنے کی بھر پور صلاحیت سے مزین ہے، پاکستان مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ترقی کے لیے خصوصی اقدامات کر رہا ہے۔ پاکستان کی کمپنیوں اور کاروباری صلاحیتوں کو امریکی اداروں، سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ شراکت داروں سے متعارف کرانے پر بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔


