ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کوگرفتار کر لیا گیا ہے ، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مسٹر پتلو کو10نومبر کو عدالت میں پیش کیاجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ میں پولیس نے معروف ٹک ٹاکر انصر محمود عرف ‘مسٹر پتلو’ کو فراز گراؤنڈ میں گذشتہ ہفتے پیش آئے واقعے میں ہلاک ہونے والی ایک شہری کے اہلخانہ کو مبینہ طور پر صلح کے لیے مجبور کرنے اور دھمکیاں دینے سے متعلق ایک کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔
یہ ایف آئی آر مبینہ طور پر مسٹر پتلو کی شادی کی تقریب میں انعامات کی تقسیم کی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والے ایک شہری محمد ریحان کے بہنوئی کی درخواست پر درج کی گئی ہے۔ مدعی مقدمہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم مسٹر پتلو اور اُن کے ایک بھائی کے ایما پر مسلح افراد نے اُن کے خاندان کو صلح کرنے اور ملزمان کے حق میں بیان دینے کے لیے جان سے مارنے کی دھمکیاں دی ہیں۔
شہری محمد ریحان 31 اکتوبر کو مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہوئے تھے اور اس واقعے کا مقدمہ تھانہ موترہ میں درج کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس مقدمے میں ٹک ٹاکر نے 10 نومبر تک کی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔
حالیہ ایف آئی آر کے مطابق مدعی مقدمہ نے پولیس کو بتایا کہ چار نامعلوم مسلح افراد اُن کے گھر آئے اور انھیں صلح کرنے پر مجبور کیا، دھمکیاں دیں اور ملزمان کے حق میں بیانات دینے کا مطالبہ کیا۔

