غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے بین الاقوامی بحری جہاز "ضمیر” کو جمعے کی شب بین الاقوامی پانیوں میں ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے وقت جہاز مالٹا کے ساحل کے قریب تھا اور یہ فریڈم فلوٹیلا کولیشن مشن کا حصہ تھا۔
مقامی وقت کے مطابق رات 12:23 بجے، جہاز پر دو مرتبہ مسلح ڈرون حملے کیے گئے۔حملے سے جہاز میں آگ لگ گئی اور ہل میں شدید شگاف پڑ گیا۔خوش قسمتی سے تمام 12 عملہ اور 4 مسافر محفوظ رہے، جن کی حفاظت کی تصدیق مالٹا کے حکام نے کی۔
فریڈم فلوٹیلا کولیشن نے حملے کا الزام اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہےکولیشن نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی سفیروں کو طلب کر کے وضاحت طلب کرے اور جوابدہی کو یقینی بنائے۔
"ضمیر” جہاز میں 20 سے زائد ممالک کے امدادی کارکن موجود تھے۔ان کا مقصد غزہ کی ناکہ بندی کو چیلنج کرنا اور وہاں جان بچانے والی امداد پہنچانا تھا۔جہاز نے اپنا سفر تیونس کے شہر بیزرٹے سے شروع کیا اور غزہ جانے سے قبل مالٹا کی جانب روانہ تھا۔
یہ واقعہ ایک مرتبہ پھر غزہ کے انسانی بحران اور عالمی برادری کی اخلاقی و قانونی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔