یمن سے داغے گئے میزائل کے اسرائیل کے بن گوریون بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب گرنے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے حوثی باغیوں اور حماس کے خلاف شدید فوجی کارروائی کی دھمکی دے دی ہے۔
اہم تفصیلات:
- اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ یمن سے فائر کیا گیا میزائل ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کے نزدیک گرا۔
- کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم احتیاطی طور پر پروازوں کو مختصر وقت کے لیے معطل کر دیا گیا۔
نیتن یاہو نے کابینہ اجلاس سے قبل جاری کیے گئے اپنے ویڈیو خطاب میں کہا”ہم حوثیوں کو ماضی کی طرح ہی جواب دیں گے۔ اسرائیلی افواج یمن میں ان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیاں بڑھائیں گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں امریکہ کے ساتھ مربوط حکمت عملی کے تحت انجام دی جا رہی ہیں، جبکہ اسرائیل کی اولین ترجیح غزہ میں حماس کی تباہی اور یرغمالیوں کی واپسی ہے۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا”فقط مستقل فوجی دباؤ ہی ان نتائج کو ممکن بنا سکتا ہے۔”انہوں نے اعلان کیا کہ کابینہ کا شام میں ہونے والا اجلاس غزہ کے اگلے فوجی اقدامات پر فیصلہ کرے گا، جس کی رہنمائی سینئر فوجی افسران کی سفارشات کریں گی۔