اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نےکہا ہےکہ دفاعی صنعت میں ہمارے پاس اتنے آرڈر ہیں کہ ہم اگلے 2 سالوں میں بھی شاید پورا نہ کرسکیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ مختلف ممالک اپنی ضرورت کے مطابق مختلف دفاعی سامان خریدتے ہیں، کوئی بہت مہنگا خریدتا ہے اور بہت سارے ممالک کم قیمت کا سامان خریدتے ہیں، الحمداللہ ہمارے پاس وہ سب کچھ ہے جو ہم دنیا کے لیے بناسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر دفاعی پیداوار کا کہنا تھا کہ ساری دنیا سمجھ رہی تھی کہ پتہ نہیں بھارت کے پاس کیا ہے اور ہم لوگ خاموش تھے جس کا فائدہ یہ ہوا کہ اب پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ پاکستان کا دفاع بہت ہی مضبوط ہاتھوں میں ہے، پاکستان کی پذیرائی بہت سارے ممالک کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے، تمام دنیا کو معلوم ہوگیا کہ پاکستان کی ائیرفورس، پاکستان کی آرمی اور پاکستانی کی نیوی بہت ہی پروفیشنل ہے۔
رضا حیات ہراج کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مؤقف واضح ہےکہ کشمیر ہمارا ہے ہم لےکر رہیں گے، ہماری فوج نے بھارت کا جو حشر نشر کیا ان کو مدتوں یاد رہےگا، ہمارے 26 اہداف میں کوئی سویلین ٹارگٹ نہیں تھا، بھارت نے یہاں مساجد کو ٹارگٹ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہم سے بات کرےگا تو ہماری ٹرمز اینڈ کنڈیشنز پر بات کرےگا۔