لاہور: پنجاب میں آندھی طوفان اور موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے بہت کچھ تہس نہس کردیا۔ ہواؤں کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔
پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق پنجاب میں مختلف حادثات میں 15 لوگوں کی جان چلی گئی جبکہ لاہور سمیت مختلف شہروں میں92 افرادزخمی بھی ہوئے۔ لاہور اور جہلم میں3،3اموات رپورٹ ہوئیں، راولپنڈی، سیالکوٹ، شیخوپورہ، میانوالی، ننکانہ صاحب میں اموات رپورٹ ہوئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے انتظامیہ اور ریسکیو کو الرٹ رہنے اور تمام شہروں میں ضروری اقدامات کرنے کا حکم دے دیا ۔ کشمیر اور خیبرپختونخوا کے بھی کئی شہروں میں تیز بارش ہوئی۔ سوات کے ندی نالوں میں طغیانی کے بعد ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے بھی کئی شہروں میں تیزبارش اور ژالہ باری ریکارڈ کی گئی، سوات کے ندی نالوں میں طغیانی، ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی طوفانی بارشوں سے موسم یکدم بدلا۔ بھمبر میں برنالہ وٹالہ میں نجی مارکی کی چھت گرگئی۔