19 سال کے طویل عرصے بعد کویت نے پاکستان کیلئے اپنے دروازے دوبارہ کھول دیئے۔ اب پاکستان کویت کے وزٹ، ورک اور سیاحتی ویزوں پر سفر کر سکتے ہیں۔
اہم خلیجی ملک کویت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پاکستانی شہریوں کے لیے ویزوں کے اجرا کی پابندی کا خاتمہ کرتے ہوئے ویزوں کا اجرا شروع کر دیا ہے، پاکستانیوں کو ورک، فیملی، وزٹ، سیاحتی، کمرشل ویزے جاری کیے جارہے ہیں۔
وزارت اوورسیز پاکستانیز کے فوکل پرسن کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے ہزاروں افراد کوکویت میں روزگار، تجارت، سیاحت کےمواقع ملیں گے، کویت کے تمام ویزے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
فوکل پرسن برائے وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ کویت میں روزگار ملنے سے پاکستان کو قیمتی زر مبادلہ حاصل ہو گا، پاکستانی شہریوں کو ویزوں کے لیے طویل مرحلے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ کویت کے ویزے آن لائن پلیٹ فارم سے جاری کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کویتی دینار دنیا کی سب سے مضبوط کرنسی ہے اور ایک کویتی دینار کی قدر 914 پاکستانی روپے ہے۔
کویت نے 2011 میں پاکستان، ایران، شام اور افغانستان کے شہریوں کو ویزے جاری کرنا بند کر دیے تھے، جس کی وجہ ان ممالک میں خراب سیکیورٹی حالات بتائی گئی تھی۔ اس کے بعد پاکستان نے کئی بار کوششیں کیں کہ پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے کی بحالی ہوسکے لیکن کوئی کامیابی حاصل نہ ہو سکی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی2017 میں اپنے کویت کے دورے کے دوران پاکستانی شہریوں کے لیے ویزے کی بحالی کی درخواست کی تھی۔