اسلام آباد : وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ کوئی بھی دوطرفہ معاہدہ منسوخ کرنے کا اب تک کوئی باقاعدہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا تھاکہ شملہ معاہدہ فارغ ہوگیا، کنٹرول لائن کو اب سیز فائر لائن سمجھا جائے، سیز فائر لائن اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی حیثیت پر بات کرنا ہوگی، ہم واپس 1948 والی پوزیشن پر آگئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے عہدیدار نے بتایا کہ ’ بھارت کے ساتھ کسی بھی دوطرفہ معاہدے کو منسوخ کرنے کا اب تک کوئی باقاعدہ فیصلہ نہیں کیا گیا۔
قبل ازیں، نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کے پہلگام حملے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بگاڑ کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے میں کسی بھی فریق کے یکطرفہ طور پر دستبردار ہونے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔