ملک بھر میں مون سون کی پہلی بارش ۔۔۔ پنجاب میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ضلع قصور کی تحصیل چونیاں میں بارش کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں چھت گرنےسے 2 بچیوں کی اموات ہوئیں جبکہ بہاولنگر میں بھی کچے مکان کی چھت گرنے سے 4 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
لاہور میں بھی تیز بارش ہوئی جہاں سب سے زیادہ نشتر ٹاؤن میں 45 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، تیز بارش سےکئی علاقوں میں بجلی کے فیڈر ٹرپ کرگئے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا تاہم اربوں روپے کی لاگت سے بننے والی اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت کی تعمیر 2 سال بعد ہی بارش میں ٹپکنے لگی۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، سجاول، جامشورو، نوابشاہ اور لاڑکانہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیاگیا ہے۔
این ڈی ایم اے کےمطابق 26 تا 28جون کے دوران اسلام آباد، فیصل آباد، سرگودھا اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔