کراچی میں لیاری علاقے بغدادی میں 6 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت زمیں بوس ہوگئی، حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت گرگئی، عمارت کے ملبے سے مکینوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے۔
حادثہ لیاری کے علاقے آٹھ چوک میں چوبیس گھنٹہ کلینک کے قریب پیش آیا۔
شہید بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر سول ہسپتال کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق حادثے میں 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔
مرنے والوں میں 55 سالہ فاطمہ دختر بابو، 32 سالہ پریم، 35 سال وسیم ولد بابو، 55 سالہ حور بائی دختر کشن اور 21 سالہ پرانتک ولد آرسی شامل ہیں۔
کے ایگزیکٹو ڈائر ڈاکٹر صابر میمن نے بتایا کہ 6 زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 5 کو معمولی زخم آئے ہیں۔
ایس ایس پی سٹی کے مطابق ملبے سے 5 افراد کی لاشیں اور 6 زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع ہے۔
ایس ایچ او بغدادی نے بتایا کہ عمارت سے نکالے گئے 5 زخمیوں کو سول ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں 25 سالہ راشد ولد عزیز، 45 سالہ یوسف ولد سبحان، 35 سالہ سنیتہ زوجہ چینن، 50 سالہ فاطمہ زوجہ بابو اور 35 سالہ چندہ زوجہ جمعہ شامل ہیں۔
ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے بتایا کہ عمارت کے ملبے تلے 20 سے 25 افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں نکالنے کے لیے بھاری مشینری کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔