اسلام آباد:پاکستان کے توانائی کے شعبے میں استحکام اور جدیدیت کی طرف اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل (SIFC) کی نگرانی میں 6 ارب ڈالر کے براؤن فیلڈ ریفائنری منصوبوں کی بحالی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ اس سلسلے میں براؤن فیلڈ ریفائنری پالیسی میں ضروری ترامیم کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
پالیسی میں مجوزہ ترامیم کا مقصد موجودہ ریفائنری منصوبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا، ان کی اپ گریڈیشن کو ممکن بنانا، اور جدید، معیاری ایندھن کی تیاری کو یقینی بنانا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پالیسی میں 7 سال کے لیے ٹیکس استحکام کی ضمانت پر غور کیا جا رہا ہے، جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنے کا امکان ہے۔
ساتھ ہی سیلز ٹیکس میں اصلاحات، پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام، اور ڈیزل کی درآمدات پر کنٹرول کے لیے بھی مربوط اقدامات زیر غور ہیں۔ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر رابطہ قائم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پالیسی پر عملدرآمد میں بہتری اور بروقت فیصلے ممکن ہو سکے ہیں۔
حکومت پاکستان توانائی کے شعبے میں مالی مراعات، پالیسی اصلاحات اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے اس اہم شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاکہ ملکی معیشت میں استحکام اور دیرپا ترقی کو ممکن بنایا جا سکے۔