یوکرین میں مزدوروں کی بس پر روسی ڈرون حملہ، 15 افراد ہلاک، 7 زخمی
کیف — یوکرین میں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں مزدوروں کو لے جانے والی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث 15 افراد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والی بس کان کن مزدوروں کو کام کے بعد واپس لے جا رہی تھی۔ حملہ اچانک اور انتہائی شدت کا تھا جس کے باعث بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ادھر یوکرین کے شہر دنیپرو میں بھی روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک خاتون جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی حکام کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوکرین، روس اور امریکا کے درمیان جنگ بندی سے متعلق دو روزہ مذاکرات 4 اور 5 فروری کو ابو ظہبی میں ہوں گے، جن میں یوکرین جنگ کے ممکنہ حل اور کشیدگی میں کمی پر غور کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق تازہ ڈرون حملے مجوزہ مذاکرات سے قبل میدانِ جنگ میں دباؤ بڑھانے کی کوشش قرار دیے جا رہے ہیں، جس سے امن مذاکرات کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔