پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں آج ایک اہم میچ کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ یہ میچ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں شام سات بجے شروع ہوگا، جہاں دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے میدان میں اتریں گی۔
پشاور زلمی کی قیادت قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی سعود شکیل کے پاس ہے۔ موجودہ سیزن میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ میں سے پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔
دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اب تک پانچ میچز کھیلے ہیں جن میں اسے تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دو میچز میں ٹیم کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی 11 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر موجود ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والا یہ میچ پلے آف مرحلے کی دوڑ کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں زلمی اپنی برتری برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی پوزیشن بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کرے گی۔
