واشنگٹن میں White House میں میڈیا نمائندگان کے اعزاز میں منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد تقریب کو فوری طور پر برخاست کر دیا گیا۔ واقعے میں امریکی صدر Donald Trump سمیت تمام شرکا محفوظ رہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے فوراً بعد سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے صدر کو حفاظتی حصار میں لے کر ہال سے باہر منتقل کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق تقریب کے دوران اچانک ایک پرچی صدر کو دکھائی گئی، جس کے فوراً بعد فائرنگ کی آواز سنائی دی اور شرکا میں بھگدڑ مچ گئی۔
تقریب میں امریکی خاتون اول، نائب صدر J. D. Vance اور تقریباً 2600 افراد موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے صورتحال کو قابو میں لیا اور تقریب کو ختم کر دیا گیا۔
امریکی صدر Donald Trump نے بعد ازاں سوشل میڈیا بیان میں سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک غیر معمولی واقعہ تھا جس پر فوری اور مؤثر کارروائی کی گئی۔
امریکی حکام کے مطابق حملہ آور کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ Federal Bureau of Investigation (ایف بی آئی) کے مطابق حملہ آور نے سیکیورٹی حصار توڑنے کی کوشش کے دوران ایک سیکریٹ سروس اہلکار پر فائرنگ کی، تاہم اہلکار محفوظ رہا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 31 سالہ کول ٹامس کے نام سے ہوئی ہے، جو ریاست کیلیفورنیا کے علاقے ٹورنس کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ حکام واقعے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں تاکہ حملے کے محرکات اور ممکنہ سیکیورٹی خدشات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔
