پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی راکٹ فورس نے مقامی طور پر تیار کردہ فتح ٹو میزائل سسٹم کی کامیاب تربیتی مشق کا انعقاد کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ میزائل جدید ایویانکس اور نیویگیشن سسٹمز سے لیس ہے، جبکہ تربیتی لانچ کا مقصد فوجی تیاریوں اور تکنیکی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔
مشق کے دوران میزائل کے مختلف سب سسٹمز کی کارکردگی اور ہدف کو نشانہ بنانے کی درستگی کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق یہ تجربہ اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی راکٹ فورس اور سائنسدانوں کی موجودگی میں کیا گیا، جہاں فورم نے فتح سیریز کے مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کی کامیاب فائرنگ کو سراہا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز اور مسلح افواج کے سربراہان نے کامیاب مشق پر متعلقہ ٹیموں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔
