سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے پاکستانی اداروں سے تعاون نہ کرنے کا نوٹس لے لیا۔
سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزارت داخلہ اور پی ٹی اے سے فوری بریفنگ طلب کرلی۔ کل اجلاس بھی بلالیا۔ سیکرٹری داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے حکمت عملی پر بریفنگ دیں گے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی ایکس پر اسرائیل مخالف پوسٹ کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
اجلاس میں فیس بک،انسٹاگرام اور یوٹیوب کا پاکستانی اداروں سے عدم تعاون کا معاملہ زیرغور آئے گا، جرائم کی تحقیقات کے لیے فیس بک،انسٹاگرام اور یوٹیوب کا ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر مشاورت ہوگی۔
سیکریٹری داخلہ اور چیئرمین پی ٹی اے میٹا پلیٹ فارم سے متعلق حکمت عملی پر بریفنگ دیں گے، سیکیورٹی مقاصد کے لیے میٹا سے ڈیٹا کے حصول کے لائحہ عمل سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔
میٹا کی کمیونٹی گائیڈ لائنز پاکستانی قوانین سے متصادم ہونے کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا، فیس بک،انسٹاگرام اور یوٹیوب کے پاکستان میں دفاتر نہ کھولنے کی وجوہات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
