سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ریلوےکوبتایا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باوجود ریل کے کرایوں میں اضافہ نہیں کیا گیا ، اخراجات بڑھنے پر حکومت سے سبسڈی مانگی گئی ہے ۔ چیئرمین کمیٹی شہادت علی اعوان نے ریلوے میں چوری کے واقعات اور ڈرائی پورٹ لیز معاہدے کی تفصیلات مانگ لیں ۔
چیئرمین ریلوے نے قائمہ کمیٹی کو بتایا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو تین بار حالیہ اضافےکےباوجود ریل کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا ۔ تاہم اخراجات بڑھنے پر حکومت سے سبسڈی مانگی ہے ۔ کمیٹی نے ریلوےکو سبسڈی دینےکی حمایت کہ تاکہ عوام پر ریل کرایوں کا بوجھ نہ بڑھے ۔
چیئرمین کمیٹی نےریلوے میں چوری کے واقعات کی تفصیلات مانگیں تو ڈی آئی جی نے بتایا آئندہ اجلاس میں بریفنگ دی جائے گی ۔ بھلوال میں پیٹرول پمپ کی اراضی کےمعاملےپر وزارت ریلوےکی ناقص کارکردگی پر حکومتی رکن ناصر بٹ نے اظہار برہمی کیا اور کہا کہ اس سائیٹ کیلئے ایک بندے نے ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی آفر دی ۔ پاکستان ریلوے نے جگہ ساٹھ لاکھ روپے میں دے دی ۔ سی ای او ریلوے نے تعیناتی کے ایک ماہ میں ہی تباہی پھیر دی ہے ۔
ناصر بٹ نے ریلوے پھاٹکوں پر ملازمین کی عدم موجودگی سے انسانی جانوں کو لاحق خطرات کی بھی نشاندہی کی ، وفاقی وزیر ریلوے کے کمیٹی میں نہ آنے پر اعتراض اٹھایا ۔ کمیٹی نے ریلوے املاک کی نیلامی میں مبینہ بے ضابطگیوں پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ عوام کا پیسہ دیکھ بھال کر استعمال کیا جائے ، چیئرمین کمیٹی نے ریلوے اسٹیشنز پر ویڈیو بنانے یا فوٹو گرافی پر پابندی کا معاملہ قانون کے مطابق دیکھنے کی ہدایت کی ۔
