UEFA نے خواتین فٹبالرز کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے الزام میں سابق کوچ پیٹر ولاچوفسکی پر تاحیات پابندی عائد کر دی ہے۔
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی نے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کوچ نے غیر اخلاقی اور ناقابلِ قبول رویہ اختیار کیا، جس سے فٹبال کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
42 سالہ پیٹر ولاچوفسکی کو گزشتہ برس جمہوریہ چیک کی عدالت نے 14 خواتین کھلاڑیوں کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے جرم میں ایک سال قید کی معطل سزا سنائی تھی، جبکہ ان پر پانچ سال تک فٹبال سرگرمیوں میں حصہ لینے پر پابندی بھی عائد کی گئی تھی۔
پولیس نے ستمبر 2023 میں اس وقت کارروائی شروع کی جب انٹرنیٹ پر خفیہ طور پر ریکارڈ کی گئی ویڈیوز منظرِ عام پر آئیں۔
تحقیقات کے مطابق کوچ نے ایک خفیہ کیمرہ بیگ میں چھپا کر ڈریسنگ رومز اور شاور ایریاز میں ریکارڈنگ کی۔ متاثرہ کھلاڑیوں میں کم عمر لڑکیاں بھی شامل تھیں، جس کے بعد معاملے نے یورپی فٹبال حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی۔
FIFA سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ یوئیفا کی عائد کردہ پابندی کو عالمی سطح پر نافذ کیا جائے تاکہ مذکورہ کوچ دنیا کے کسی بھی ملک میں فٹبال سرگرمیوں میں حصہ نہ لے سکے۔
