پاک فوج کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مظفر آباد کے قریب فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی جوان اور عملہ شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپیٹر فنی خرابی کے باعث ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہوا، ہیلی کاپٹر میں موجود تمام اہلکار شہید ہو گئے، کوئی زندہ نہیں بچا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دے دیا ہے، جبکہ حادثے کی اصل تکنیکی وجہ کا تعین تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مظفرآباد کے قریب پاک فوج کے ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر کے المناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے حادثے میں شہید ہونے والے تمام اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
