وزیراعظم کی بینکوں کو ’اپنا گھر سکیم ‘کی درست درخواستوں کی منظوری کاعمل تیزکرنے کی ہدایت

وزیرِاعظم شہباز شریف نے "پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم” کے لیے قرضوں کی منظوری کا عمل مزید تیز کرنے اور درخواست فارم  آسان بنانے کی  ہدایت کر دی اور  کہا اپنا گھر اسکیم میں شہریوں کی بڑی تعداد کا حصہ لینا انتہائی خوش آئند ہے۔ اسی رفتار سےآگے بڑھتے رہے تو زیادہ سے زیادہ خواہشمند افراد کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت پرائم منسٹر اپنا گھر اسکیم کا جائزہ اجلاس  ہوا۔ حکام نے اب تک کی پیشرفت پر بریفنگ دی۔ بتایا کہ اسکیم کے تحت مجموعی طور پر گیارہ ارب روپے کے قرضے دیئے جا چکے ہیں۔ رواں سال مارچ میں قواعد و ضوابط آسان بنانے کے بعد درخواستوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ۔ ملک بھر سے سڑسٹھ ہزار نو سو افراد نے درخواستیں جمع کرائیں، جن میں سے سولہ ہزار پانچ سو ستاسی درخواستیں منظور کی جا چکی ہیں۔  تین ہزار ایک سو چھیالیس افراد کو قرضوں کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے شہریوں کی بڑی تعداد میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اسکیم کی کامیابی سے تعمیرات کے شعبے میں تیزی آئے گی۔ اس سے منسلک صنعتیں بھی فروغ پائیں گی اور معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی۔  وزیراعظم نے وزارتِ ہاؤسنگ کو اسٹیٹ بینک کے ساتھ مل کر درخواست فارم کو عام فہم بنانے اور بینکوں کو درست درخواستوں کی منظوری تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ زمینوں کے کاغذات کے حصول میں تیزی لانے کے لیے صوبوں کو ضلعی سطح پر "سہولت ڈیسک” قائم کرنے کا حکم بھی دے دیا ۔ کہا اپنا گھر اسکیم کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم مزید تیز کی جائے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے