امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو نے اپنے بھارتی ہم منصب Subrahmanyam Jaishankar سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں آبنائے ہرمز میں حالیہ پیش رفت اور خطے کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل ڈپٹی ترجمان ٹامی پگوٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس اہم آبی گزرگاہ میں سکیورٹی کے بدلتے ہوئے حالات اور عالمی تجارتی جہاز رانی پر اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا۔
بیان کے مطابق مارکو روبیو نے بھارتی وزیر خارجہ پر زور دیا کہ خطے میں موجود تمام تجارتی جہاز امریکی افواج کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور حفاظتی احکامات پر فوری عمل کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی افواج خطے میں امن، استحکام اور بحری راستوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز میں امریکی اقدامات یا حفاظتی ہدایات کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بیان میں خاص طور پر ایرانی تیل کی مبینہ غیر قانونی نقل و حمل کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق واشنگٹن خطے میں تجارتی جہازوں کی آزادانہ اور محفوظ نقل و حرکت کو عالمی معیشت کے لیے ناگزیر سمجھتا ہے اور اس سلسلے میں اپنے اتحادیوں اور شراکت دار ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
