نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنماؤں نے ایران اور امریکاکے درمیان طے پانے والی مفاہمت کا خیرمقدم کیا جبکہ اتفاق رائے خطے میں پائیدار امن واستحکام کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی وزیرخارجہ نے پاکستان کی فعال سفارتی رسائی اور مضبوط ثالثی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ معاہدے سے ایران اور امریکا کے درمیان پائیدار روابط کیلئے مدد ملی۔
چینی وزیرخارجہ نے بین الاقوامی امن وستحکام میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کی تعریف کی ، اسحاق ڈار نے پاکستان کی کوششوں کیلئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا ، نائب وزیراعظم نے علاقائی امن واستحکام کیلئے چین کی اہم شراکت کا بھی اعتراف کیا۔
دونوں رہنماؤں نے فریقین کے درمیان مفاہمت کو عملی جامہ پہنانے اور بات چیت کی اہمیت پر زوردیا، اسحاق ڈار نے کہا کہ عالمی معیشت،توانائی اوربین الاقوامی تجارت کیلئے آبنائے ہرمز کھولنا اہم ہے۔
فریقین نے وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ کامیاب دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا، اسحاق ڈار نے سی پیک ٹو اور دوطرفہ اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
فریقین نے قریبی رابطے ، دوطرفہ اور علاقائی امور پر مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
