پاور ڈویژن نے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کےلیے ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ متعارف کرادیا۔
ڈسکوز نے وزارت توانائی کی ہدایت پر بجلی بلوں کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا، نئے ڈیزائن میں صارفین کے لیے بل سمجھنا مزید آسان ہو گیا۔ صارفین اب کھپت، بل کی تفصیلات اور ادائیگی کی معلومات دیکھ سکیں گے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نیا فارمیٹ سادگی، شفافیت اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، صارفین کی شکایات کے بعد بل فارمیٹ کو مکمل طور پرازسرنو ترتیب دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پرانا بل غیر ضروری معلومات، تکنیکی اصطلاحات، پیچیدہ ترتیب کے باعث سمجھنے میں مشکل تھا، نئے فارمیٹ میں رقم، مقررہ تاریخ اور بجلی کے استعمال کی تفصیلات نمایاں درج ہیں، صارف اب ایک نظر میں اپنی بلنگ کی مکمل صورتحال جان سکے گا۔
نیا فارمیٹ تمام طبقوں کے صارفین کے لیے زیادہ قابل فہم بنایا گیا ہے، جدید سہولت کے تحت نئے بجلی بلوں میں کیو آر کوڈکو بھی شامل کیا گیا ہے، صارفین اضافی معلومات اور ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نئے بجلی بلوں کی تشکیل صارفین اور مختلف اسٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں کی گئی، پاور سیکٹر میں شفافیت، بہتر خدمات اور اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔
