خطے میں قیام امن سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشیدگی کے آغاز سے ہی حکومت پاکستان  خلوص نیت کے ساتھ سرگرم عمل رہی، نائب وزیراعظم ،وزیر داخلہ  نے امن کے قیام کیلئے کوششیں کیں۔ خطے اور عالمی امن کے دیر پا قیام سے ہی پاکستان اور دیگر ممالک کی معاشی ترقی کا خواب پورا ہوگا۔

مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی خواتین ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ بحران میں سب سے پہلے قربانی کا آغاز کابینہ اور سرکاری اداروں سے کیا، وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعاون سے متوسط و معاشی طور پر کمزور طبقوں کیلئے تاریخی پیکج دیا گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو عالمی مہنگائی کی لہر سے جس قدر ممکن ہو سکا بچانے کی بھرپور کوشش کی، اللہ کے فضل و کرم سے نہ تو ملک میں کوئی بحران آیا ،نہ ایندھن کیلئے لمبی قطاریں دیکھنے کو ملیں، بہتر منصوبہ بندی کی بدولت  عوام کو پریشانی سے جس قد رممکن ہوا بچایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ممکن نہیں کہ اس ملک کے عوام قربانی دیں اور اشرافیہ مراعات حاصل کرتی رہے،  128 ارب روپے کی سبسڈی ، کفایت شعاری مہم سے عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے کی کوشش کی۔ حالیہ حالات میں ملکی معیشت کو مستحکم رکھنے کیلئے وفاق اور صوبوں نے مکمل تعاون کیا، تعاون کرنے پرصوبائی حکومتوں کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کے استحکام میں عوامی تعاون کا بہت بڑا کردار رہا، پاکستان کے عوام کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مشکل معاشی صورتحال میں عوام دوست بجٹ پیش کیا، صنعت کا پہیہ تیز ہوگا اور برآمدات پر مبنی معیشت کو فروغ ملے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے