اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیاہے، محکمہ موسمیات نے آج رات ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ دن کے وقت سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا ۔ دوپہر کے وقت آسمان پر سیاہ بادل چھائے رہے ۔ مختلف مقامات پر تیز اور ہلکی بارش بھی ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مارگلہ ہلز پر فعال موسمی نظام موجود ہے ۔ جڑواں شہروں میں آج مزید بارش کا امکان ہے۔ آج رات خیبر پختونخوا، کشمیر،جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرق بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ آج سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ سبی میں درجہ حرارت پینتالیس اور لاڑکانہ میں چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
