ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ انتظامیہ نے لندن میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے قبل پاکستان کے قومی پرچم کی غلط نمائش پر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) سے باضابطہ تحریری معذرت کر لی ہے۔
ایف آئی ایچ پرو لیگ کی ڈائریکٹر ہیلری اٹکنسن نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی کے نام ارسال کردہ خط میں اس غلطی پر غیر مشروط معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے قومی پرچم کی نامکمل نمائش ایک افسوسناک انتظامی کوتاہی تھی، جس کی مکمل ذمہ داری ایف آئی ایچ انتظامیہ قبول کرتی ہے۔
واضح رہے کہ لندن میں کھیلے گئے پاکستان اور بھارت کے میچ سے قبل قومی ترانوں کی تقریب کے دوران پاکستان کا پرچم سفید پٹی کے بغیر آویزاں کیا گیا تھا، جس پر سوشل میڈیا اور ہاکی حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آیا تھا۔
اپنے خط میں ہیلری اٹکنسن نے کہا کہ قومی پرچم کسی بھی ملک کی شناخت، وقار اور قومی فخر کی علامت ہوتا ہے اور اس غلطی سے پاکستان ہاکی ٹیم، اس کے مداحوں، پاکستانی عوام اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جذبات مجروح ہوئے، جس پر ایف آئی ایچ کو گہرا افسوس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ایک انتظامی غلطی کا نتیجہ تھا اور مستقبل میں اس طرح کی کوتاہیوں سے بچنے کے لیے تمام آپریشنل اور انتظامی طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ کسی بھی ٹیم کے قومی تشخص اور وقار سے متعلق ایسی غلطی دوبارہ نہ ہو۔
