بلوچستان میں زلزلے سے نقصانات پی ڈی ایم اے نے رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق ضلع موسیٰ خیل میں زلزلے سے 125 مکانات متاثر ہوئے جبکہ 19 افراد زخمی ہوئے۔
تحصیل کنگری کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہے زخمیوں کے علاج کے لیے میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے۔ متاثرہ خاندانوں میں خیمے، بستر اور ضروری امدادی سامان تقسیم کیا جا رہا ہے ، سولر لائٹس، گیس سلنڈر، چٹائیاں اور مچھر دانیاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں،نقصانات کے مکمل تخمینے کے لیے تفصیلی سروے جاری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں درمیانے درجے کے 6 زلزلے ریکارڈ کیے جاچکے ہیں، ماہرین کے مطابق وینزویلا کے زلزلے سے پیدا توانائی کی لہریں پاکستان میں زلزلوں کا باعث بن رہی ہیں۔
ماہرین کےمطابق حالیہ دنوں میں پاکستان اورخطے میں آنے والے متعدد درمیانے درجے کے زلزلے زیرِ زمین ٹیکٹونک پلیٹس کی مسلسل حرکت کا نتیجہ ہیں،دنیا کے دیگر حصوں میں آنے والےبڑے زلزلوں سے پیدا ہونے والی زیرِزمین توانائی بعض اوقات دوردراز پلیٹس پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے۔
