نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے یکم سے 6 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے پہلے باقاعدہ اسپیل کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں، سیاحوں اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
ادارے کے مطابق شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جس کے باعث شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے بتایا کہ یکم سے 5 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع، خصوصاً دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام اور شانگلہ میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں، جن میں استور، اسکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر، گھانچے، مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور شامل ہیں، میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں یکم سے 4 جولائی جبکہ سندھ کے لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں 3 اور 4 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔ سیاح، مسافر اور مقامی انتظامیہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور این ڈی ایم اے سمیت متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
ادارے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بروقت موسمی معلومات اور الرٹس کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں، جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے
