پی آئی اے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی ، عارف حبیب کنسورشیم کے ضمنی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے انتظام سنبھال لیا ۔
چیئرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ کے مطابق پی آئی اے کی ملکیت ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ ہے ۔ پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے جدید عالمی معیار کی ائیر لائن بنائیں گے ۔ نئی انتظامیہ ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے بخوبی ادراک رکھتی ہے کہ قوم کا اعتماد محض دستاویزات کی منتقلی سے حاصل نہیں ہوگا ۔ یہ اعتماد ہر میل ، ہر مسکراہٹ اور ہر سال کے ساتھ حاصل کیا جائے گا ۔ پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے ایک سو اسی ارب روپے میں ایئرلائن کی ملکیت حاصل کی ۔ جس میں پچپن ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جبکہ ایک سو پچیس ارب پی ائی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی ۔ جو آپریشنل اصلاحات، بیڑے کی جدت ، نئے روٹس کے آغاز ، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور معیار بہتر بنانے پر خرچ ہوگی ۔
