وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن وزارتِ خزانہ نے جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کے مطابق تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کم کرنے کے لیے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے، جبکہ وفاقی کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے اور وزارتِ خزانہ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو آگاہ کر دیا ہے۔ صوبائی حکومتوں کو بھی فنڈ کی وصولی سے متعلق ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزارتِ خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان سمیت دیگر متعلقہ اداروں کو بھی مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جبکہ اوگرا اور وزارتِ خزانہ مشترکہ طور پر فنڈ کے آپریشنل طریقہ کار اور اس کے نفاذ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔
