امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان دوحہ میں آج مذاکرات متوقع ہیں، جبکہ ان کے بقول دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر رابطے اور بات چیت کا سلسلہ پہلے ہی جاری ہے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ مذاکرات کو کامیاب بنانے کا خواہاں ہے اور اس مقصد کے لیے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے ایران کی جانب سے امریکی وفد کے ساتھ براہِ راست ملاقات کی تردید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ دراصل تہران کی مذاکراتی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو یہ دونوں ممالک اور خطے کے لیے مثبت پیش رفت ہوگی، تاہم اگر بات چیت کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی تو بھی امریکا مضبوط پوزیشن میں رہے گا۔
