بہاماس میں مسافر طیارہ گر کر تباہ، 10 افراد ہلاک

بہاماس کے دارالحکومت ناساؤ کے مغرب میں واقع نارتھ اینڈروس جزیرے پر فلیمنگو ایئر کا ایک چھوٹا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 10 افراد ہلاک ہوگئے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق بہاماس کی پولیس کمشنر شانتا نولز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 9 مسافر اور ایک پائلٹ سوار تھے۔

انہوں نے کہا کہ امدادی اہلکاروں کو جائے حادثہ پر ایک شخص میں زندگی کی معمولی علامات نظر آئی تھیں، تاہم بعد ازاں اس کی بھی موت کی تصدیق کر دی گئی، جس کے بعد حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

بہاماس کی ایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن اتھارٹی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ طیارہ لنڈن پنڈلنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز کرنے کے بعد سان اینڈروس ایئرپورٹ جا رہا تھا، تاہم لینڈنگ سے قبل اسے فنی خرابی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ جھاڑیوں میں گر کر تباہ ہوگیا۔

پولیس کمشنر نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تفتیشی ٹیمیں نارتھ اینڈروس جزیرے روانہ کر دی گئی ہیں اور واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے