ترجمان آزادکشمیر حکومت چوہدری گفتار حسین کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں انتخابات وقت پرہوں گے، تیاریاں مکمل ہیں۔ کالعدم کمیٹی نے رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کیے جس کی وجہ سے اشائے ضروریہ کی ترسیل متاثر ہوئی۔
مظفرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان آزاد حکومت نے کہا کہ عام انتخابات کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی یا تاخیر کا کوئی امکان نہیں۔ آزاد، منصفانہ، شفاف اور پرامن انتخابات کے لیے تمام انتظامی اور سیکیورٹی تیاریاں مکمل ہیں۔
گفتار حسین نے کہا کہ کالعدم کمیٹی خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ حکومت کو بلیک میل نہیں کیا جاسکتا۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ ہوا تو کالعدم کمیٹی ذمہ دار ہوگی۔
ترجمان نے کہاکہ 4 اکتوبر 2025 کے معاہدے کے تحت کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات وسیع تر عوامی مفاد میں منظور کیے گئے، تاہم کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی بنیادی حقوق کے مطالبات سے ہٹ کر ریاست مخالف مقاصد کی جانب مائل ہوئی، جس کے باعث اسے قانون کے مطابق کالعدم قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 36 روز سے جاری دھرنے کے باعث پونچھ ڈویژن میں خوراک، ادویات اور ضروری اشیاء کی ترسیل شدید متاثر ہوئی، جبکہ شاہراہوں اور رابطہ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے عام شہریوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل کردی گئی۔
اس موقع پر ترجمان آزاد جموں و کشمیر پولیس نے کہاکہ حکومت کی آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے کہ عوام کے لیے بند راستے بحال کیے جائیں، تاہم بند شاہراہیں کھلوانے کی ہر کوشش کے دوران کالعدم کمیٹی کی جانب سے مزاحمت اور فائرنگ کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہاکہ شجاع آباد میں راستہ بحال کرنے والی ٹیم پر ملحقہ علاقوں اور جنگلات سے شدید فائرنگ کی گئی، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے۔
