حکومت پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو نیٹ فلکس پر جگہ دلانے کیلئے کوشش کر رہی ہے: احسن اقبال

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت پاکستانی فلموں اور ڈراموں کو عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز، خصوصاً نیٹ فلکس پر ان کا جائز مقام دلانے کے لیے سرگرم ہے اور اس سلسلے میں نیٹ فلکس سمیت دیگر عالمی اسٹریمنگ کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں احسن اقبال نے کہاکہ پاکستانی فلمیں اور ڈرامے معیار کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں اور دنیا بھر میں انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ تفریحی صنعت حکومت کے ’اڑان پاکستان‘ پروگرام کے تحت قومی برآمدی حکمت عملی کا ایک اہم ستون ہے۔

احسن اقبال نے کہاکہ عالمی اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) پلیٹ فارمز پاکستانی مواد کو بین الاقوامی ناظرین تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ہیں، تاہم بدقسمتی سے علاقائی سیاست کے باعث طویل عرصے سے ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرتے ہوئے پاکستانی مواد کو اس کا جائز مقام نہیں دیا جا رہا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نیٹ فلکس اور دیگر عالمی اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کے ساتھ علاقائی فریم ورک میں تبدیلی کے حوالے سے بات چیت کر رہی ہے تاکہ پاکستانی مواد کو منصفانہ نمائندگی مل سکے اور پاکستانی تخلیق کاروں کے لیے پائیدار شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ حکومت ایک مقامی او ٹی ٹی پلیٹ فارم متعارف کرانے پر بھی کام کررہی ہے، جس کے ذریعے پاکستانی فلموں اور ٹی وی ڈراموں کو دنیا بھر کے ناظرین تک پہنچایا جائےگا۔

انہوں نے کہاکہ یہ اقدام پاکستان کی تخلیقی صنعت کو عالمی منڈی تک رسائی دینے اور ملکی تفریحی شعبے کی برآمدات بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے