قطری حکومت نے ان خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ قطر نے ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی تھی۔
قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایسے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد قطر کو جاری علاقائی تنازع میں گھسیٹنا ہے۔
بیان کے مطابق ان دعوؤں کے ذریعے قطر کے اس اہم کردار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے جو وہ ایک غیرجانبدار ثالث اور مصالحت کار کی حیثیت سے خطے میں ادا کر رہا ہے۔ قطری حکام کا کہنا ہے کہ اس قسم کی غلط معلومات سے نہ صرف سفارتی کوششیں متاثر ہوتی ہیں بلکہ خطے میں مزید کشیدگی اور عدم استحکام بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
قطر نے واضح کیا کہ وہ پہلے بھی متعدد بار اس مؤقف کا اعادہ کر چکا ہے کہ اس نے اپنے کسی ہمسایہ ملک کے خلاف کسی فوجی کارروائی میں نہ کبھی حصہ لیا ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسی کسی کارروائی کا حصہ بنے گا۔
