وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان رابطے اور بات چیت جاری ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی ایران کے ساتھ سفارتی حل کے لیے تیار ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کو اس وقت جواب دہ ٹھہرائیں گے جب وہ امریکا سے کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹے گا، تاہم واشنگٹن سفارتکاری کا راستہ بھی کھلا رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایران نے صدر ٹرمپ کو اب بھی معاہدہ کرنے کی خواہش سے آگاہ کیا ہے اور اسی تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان رابطے برقرار ہیں۔
کیرولائن لیویٹ کا کہنا تھا کہ امریکا اپنی سلامتی اور خطے میں اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر ایران کے خلاف کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر کارروائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
