وزیراعظم شہباز شریف نےکیپٹن سرور شہید نشانِ حیدر کے یومِ شہادت پر پوری قوم کی جانب سے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نےکہا کہ قوم وطن کےلیےکیپٹن سرورشہید کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے،کیپٹن سرورشہید نے 1948 کی پہلی کشمیرجنگ کےدوران دشمن کا تاریخی اور مثالی دلیری سےمقابلہ کرتےہوئےجامِ شہادت نوش کیا۔ وہ وطن پرقربان ہوکر نشانِ حیدرپانے والے پہلے پاکستانی ہیں۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ کیپٹن سرورشہید نے فرض شناسی، شجاعت اور بہادری کی تاریخ رقم کی، ان جیسے سپوت پاکستان کا فخر اور وطن کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی ضمانت ہیں،کیپٹن سرورشہید نےثابت کیا کہ دفاعِ وطن میں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار ہے،شہید کا جذبۂ حب الوطنی اورقربانی آنے والی نسلوں کے لیےمشعلِ راہ ہے۔
