آزاد کشمیر الیکشن: ن لیگ نے 7 نشستیں جیت کر میدان مار لیا، پیپلزپارٹی 4 پرکامیاب

ایل اے 5 برنالہ میں مسلم لیگ(ن) کے کرنل (ر) وقاراحمد نوراور پیپلزپارٹی کے چودھری پرویزاشرف کے مابین کانٹے کا مقابلہ ہوا ہے، حلقے کا مکمل نتیجہ ابھی سامنے نہیں آسکا، کرنل(ر) وقار نور کو برتری حاصل ہے، جبکہ ایل اے 6 سماہنی میں ووٹ جلائے جانے پر حتمی نتیجہ جاری نہیں ہوا، اس نشست پر بھی مسلم لیگ(ن) کو واضح برتری حاصل ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے سرکاری طور پر 3 حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔

غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری یاسین کو آبائی حلقہ چڑہوئی، پیپلزپارٹی کے کوٹلی نکیال سے جاوید اقبال بڈھانوی اور کھوئیرٹہ سے ولید انقلابی کو شکست کو سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ سابق وزیراعظم چودھری انوارالحق بھی شکست کھا گئے ہیں۔

ایل اے 1 ڈڈیال (میرپور)

حلقہ ایل اے ون ڈڈیال 193 پولنگ سٹیشن کے غیر سرکاری وغیر حتمی نتائج موصول ہوگئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے چودھری اظہر صادق 15 ہزار427 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری افسر شاہد نے 9832 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پہلے سرکاری نتیجہ کا اعلان کرتے ہوئے چودھری اظہر صادق کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

ایل اے 2 حلقہ چکسواری/اسلام گڑھ (میرپور)

ایل اے 2 میرپور چکسواری اسلام گڑھ کے تمام 149 پولنگ سٹیشنز کا بھی غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید نے 12904 ووٹ لے کر میدان مار لیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چودھری 8182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

آزادامیدوار چودھری ظفر انور 1,040 ووٹ حاصل کر سکے ہیں، چودھری ظفر انوار سابق الیکشن میں پی ٹی آئی ٹکٹ پر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔

ایل اے 3 میرپور سٹی

ایل اے 3 میرپور سٹی کے تمام 161 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا اور سرکاری طور پر بھی نتائج جاری کر دیئے گئے ہیں۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 3 کے 161 پولنگ سٹیشن کے نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے یاسر سلطان 12 ہزار 590 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چودھری محمد سعید 11 ہزار 81 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

یوں سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے فرزند اپنی سیٹ بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں حالانکہ ان کو ہرانے کیلئے پیپلزپارٹی کے ہی رہنما سابق وزیراعظم چودھری عبدالمجید کے فرزند چودھری معیز مجید بھی الیکشن لڑ رہے تھے۔

ایل اے 4 کھڑی شریف (میرپور)

ایل اے 4 کھڑی شریف کے تمام 162 پولنگ سٹیشن کے غیرسرکاری وغیر حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے چودھری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے چودھری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

چودھری صہیب ارشد سابق وزیر حکومت چودھری ارشد کے فرزند ہیں اور یاسر سلطان کے کزن ہیں، یوں بیرسٹر سلطان خاندان کو دوسری نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایل اے 5 برنالہ (بھمبر)

ایل اے 5 برنالہ کے 176 سے 175 پولنگ سٹیشن کے نتائج آگئے ہیں، مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور 29 ہزار 875 ووٹوں کیساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے چودھری پرویزاشرف 29 ہزار 143 ووٹوں کیساتھ دوسرے نمبر ہیں۔

اس حلقے کا ابھی تک حتمی نتیجہ نہیں موصول ہو سکا ہے۔

ایل اے 6 سماہنی (بھمبر)

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق ایل اے 6 سماہنی میں مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری محمد رزاق 23,923 ووٹ لے کر آگے جبکہ ان کے مقابلے میں آئی پی پی کے امیدوار علی شان سونی 12,492 لیکر دورے نمبر پر ہیں۔

حلقہ میں ووٹ جلائے جانے پر حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا گیا لیکن یہاں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کی لیڈ زیادہ ہونے پر کچھ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہونے پر بھی کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔

چودھری علی شان سونی پچھلے تینوں الیکشن مسلسل جیت چکے تھے، گزشتہ روز انہیں ووٹ جلانے اور پولنگ سٹیشن پر حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایل اے 7 بھمبر

ایل اے 7 کے تمام 237 پولنگ سٹیشن کا مکمل غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ آگیا ہے اور سابق وزیراعظم چودھری انوارالحق شکست کھا گئے ہیں۔

مسلم لیگ ن کے امیدوار چودھری طارق فاروق 35490 ووٹ لے کر جیت گئے، سابق وزیراعظم چودھری انوار الحق 25100 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

چودھری انوار الحق سابق الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے اور بعد میں وزیراعظم بننے کے بعد فارورڈ بلاک کا حصہ بن گئے تھے، چودھری انوار الحق آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لے رہے تھے۔

حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 راج محل

حلقہ ایل اے 8 کوٹلی راج محل سے پیپلزپارٹی کے امیدوار ظفر اقبال ملک نے کامیابی سمیٹ لی ہے۔

155 پولنگ سٹیشنز کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ سامنے آ گیا، جس کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے ظفر اقبال ملک 19,535 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11,966 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال

ایل اے 9 کوٹلی نکیال کے مکمل غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے ہیں جہاں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے اور پیپلزپارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی ہار گئے ہیں۔

178 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 37 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 507 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

ایل اے 9 کوٹلی میں پولنگ کے دوران تصادم میں پیپلزپارٹی کا ایک کارکن بھی جاں بحق ہوا تھا جس پر بلاول بھٹو نے ن لیگی امیدوار پر الزام لگایا تھا۔

حلقہ ایل اے 10 کوٹلی سٹی

ایل اے 10 کوٹلی سٹی کے مکمل غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج سامنے آ گئے جس کے مطابق صدر پیپلزپارٹی چودھری محمد یاسین کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے چودھری محمد یاسین 12 ہزار 421 ووٹ کے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود الحسن 9063 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں۔

ایل اے 10 سٹی کے حلقہ میں گزشتہ روز 2 پریزائیڈنگ افسران بھی گرفتار ہوئے تھے جس پر ن لیگ نے اس حلقہ کے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ

ایل اے 11 کوٹلی سہنسہ کا بھی مکمل غیر حتمی وغیر سرکاری نتیجہ سامنے آگیا ہے جس میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار راجہ آصف کامیاب ہوگئے ہیں۔

206 پولنگ سٹیشن کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے راجہ محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار چودھری محمد اخلاق 21751 ووٹ لے سکے ہیں۔

چودھری محمد اخلاق نے سابق الیکشن مسلسل 6 بار جیتنے والے راجہ محمد نصیر خان مرحوم کو شکست دی تھی اور اس بار تجزیہ کار انہیں ہی فیورٹ قرار دے رہے تھے لیکن نوجوان راجہ آصف کو راجہ نصیر خان کے بھتیجے ہیں جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑہوئی

ایل اے 12 چڑہوئی کے تمام 207 پولنگ سٹیشن کے نتائج آگئے ہیں اور یہاں پیپلزپارٹی کے صدر چودھری محمد یاسین کو شکست ہوگئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری فارم 26 کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے امیدوار راجہ ریاست خان 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے صدر چودھری یاسین 30 ہزار 320 ووٹ لے سکے ہیں۔

چودھری محمد یاسین نے کوٹلی شہر کی نشست پر کامیابی حاصل کی ہے لیکن وہ آبائی نشست ہار گئے ہیں۔

حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ

ایل اے 13 کھوئی رٹہ کے بھی مکمل غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے ہیں، 193 پولنگ سٹیشنزمیں سے 190 سٹیشنز پر پولنگ ہوئی جبکہ 3 پولنگ سٹیشنز پر پولنگ نہیں ہوسکی ہے۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجہ ایاز احمد خان 21 ہزار 728 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ آئی پی پی کے انصر ابدالی 15 ہزار 648 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ہیں، حلقہ سے ہارٹ فیورٹ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار محمد ولید انقلابی 14 ہزار 386 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے