کراچی میں نوجوان میر رضا کی موت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے رپورٹ موصول ہوگئی، جس میں میر رضا پر تشدد کیے جانے کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق میر رضا کی شرٹ سے تیزاب کے ذرات بھی ملے ہیں، جبکہ جسم سے بھی تیزاب کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میر رضا کی شناخت چھپانے کی کوشش کی گئی۔
کیمیکل ایگزامن رپورٹ کے مطابق میر رضا کے ہاتھوں کے فنگر پرنٹس موجود نہیں تھے۔
رپورٹ میں میر رضا کی شرٹ پر گولی لگنے کے دو سوراخوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔ شرٹ کے پچھلے حصے پر گولی کا ایک سوراخ موجود تھا، جبکہ سامنے والے حصے پر گولی کا بڑا سوراخ پایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر گن شاٹ ریزیڈیو سے متعلق عناصر کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے۔
میر رضا کی ہلاکت کے کیس میں کیمیکل ایگزامن اور ڈی این اے رپورٹ سامنے آنے کے بعد تحقیقات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
