کراچی: سندھ حکومت نے پبلک سروس کمیشن کے بھرتی اور امتحانی نظام میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے منگل کو ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی جہاں چیئرمین سندھ پبلک سروس کمیشن، سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری نے کہا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور جدید ٹیکنالوجی سے ایس پی ایس سی کے امتحانی عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، سوالیہ پرچوں کی تیاری، اسیسمنٹ اور امتحانی ڈیٹا مینجمنٹ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے گا۔
امتحانی نظام کے بعض مراحل میں غیر ضروری انسانی مداخلت کم کرنے کے لیے اے آئی استعمال کی جائے گی، صوبے بھر میں ٹیکنالوجی سے آراستہ ورک اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے جس سے مختلف علاقوں کے امیدواروں کو جدید امتحانی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی۔
