اسلام آباد سے گرفتار ڈھائی سو سے زائد غیرملکی شہریوں کے خلاف ایف آئی اے نے باضابطہ مقدمہ درج کرلیا۔ وزٹ، سیاحتی یا کاروباری ویزوں پر پاکستان آنے والے غیرملکی یہاں کال سینٹر کا ایک بڑا نیٹ ورک چلا رہے تھے۔
غیرملکی شہریوں کیخلاف مقدمہ ایف آئی اے کی انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے فارن ایکٹ 1946 کے سیکشن 14 کے تحت درج کیا۔ گرفتار افراد کا تعلق ویتنام ،انڈونیشیا، ملائشیا اور چین سے ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں غیرملکیوں کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ غیرملکی شہری غیرقانونی طور پر کاروباری سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ 258 ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد عملہ اور حراستی گنجائش نہ ہونے کے باعث این سی سی آئی اے کیلئے مشکل بن گئی۔
ضلعی انتظامیہ سے درخواست کرکے ملزمان کے زیر استعمال نجی عمارت کو سب جیل قرار دلوا دیا گیا۔ غیرقانونی کال سینٹرز کا پتہ شراب برآمدگی کیس کی تفتیش کے دوران چلا تھا۔
